تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے امریکی صدر ٹرمپ کے ایران مخالف بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ایران کے بہادر عوام نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ دھمکیوں کے سامنے ہرگز اپنی سوچ اور رویے کو متاثر نہیں ہونے دیں گے لہذا جب تک امریکہ، ایرانی قوم کے ساتھ دھمکی اور پابندیوں کے بجائے عزت اور منطق کی زبان کا استعمال نہ کرے تو اس کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بہرام اقاسمی کا اپنے ایک بیان میں کہناتھا کہ ایرانی عوام اغیار کے جارحانہ اقدامات کے سامنے دانشورانہ سلوک اور موثر حکمت عملی کے ذریعے مزاحمت کا راستہ اپناتے ہیں، جوہری معاہدے کی خلاف ورزی امریکی حکومت بالخصوص ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عالمی قوانین اور معاہدوں کو نظر انداز کرنے کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کوئی بھی مشرقی یا مغربی ملک امریکہ کے ساتھ تعاون کو امید کی نگاہ سے نہیں دیکھتا، ایرانی قوم اور حکومت ہرگز کسی ملک کے خلاف پابندی، دھمکی، تشدد اور غیرقانونی سلوک کا خیر مقدم نہیں کرتی بلکہ ایسے ظالمانہ رویوں کی مذمت کر رہی ہے۔