67سعودی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری۔13ہزار کا اندراج

ریاض:سعودی عرب کے شہر الدمام میں واقع امام عبدالرحمان بن فیصل یونیورسٹی کے ڈرائیونگ اسکول سے اب تک 67 خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جار ی کیے جاچکے ہیں جبکہ اس اسکول میں ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے 13 ہزار خواتین نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔اس اسکول سے سعودی خواتین کو چھے مراحل میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جارہے ہیں۔ان میں ابتدائی رجسٹریشن ، اسکول کی ویب گاہ پر رجسٹریشن ، تربیتی پروگرام کے لیے اندراج ، نظری تربیت ، عملی تربیت اور محکمہ ٹریفک کو کار چلانے کا امتحان دینا شامل ہیں ۔اس امتحان میں کامیاب امیدوار وں کو لا ئسنس جاری کردیا جاتا ہے۔اس ڈرائیونگ اسکول میں جاری تربیتی پروگرام کا دورانیہ 27 گھنٹے کا ہے۔اس میں پانچ گھنٹے نظری تربیت ، دو گھنٹے ٹریفک تحفظ اور سکیورٹی قواعد وضوابط پر پریزینٹیشن اور 20 گھنٹے عملی تربیت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔درخواست گزار خواتین میں بیرون ملک سے لائسنس یافتگان بھی شامل ہیں ۔ وہ اپنے غیرملکی لائسنس کو سعودی لائسنس سے تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔ایسی خواتین کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔جن خواتین کے غیر ملکی لائسنس کی میعاد ختم ہوچکی ہے،انھیں چھے گھنٹے کے تربیتی عمل سے گزرنا ہوگا ۔