انقرہ:ترکی کی خبر رساں ایجنسی "اناطولو” کے مطابق ترکی کی پولیس نے 14 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ داعش تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔ جمعے کے روز سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ یہ افراد اتوار کے روز مقررہ انتخابات سے قبل انقرہ میں ایک حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ایجنسی نے مزید بتایا کہ دارالحکومت انقرہ میں انسداد دہشت گردی کی پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ اس دوران مذکورہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لیے پولیس کے ہیڈ کوارٹر پہنچا دیا گیا۔ گرفتار ہونے والے تمام افراد غیر ملکی شہریت کے حامل ہیں۔ترک پولیس دہشت گرد تنظیم داعش کو نشانہ بنانے کے سلسلے میں باقاعدگی کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہے۔گزشتہ چند برس کے دوران داعش نے ترکی میں متعدد دھماکے کیے۔ ان میں جنوری 2017ء میں استنبول کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والا حملہ شامل ہے جس نے 39 افراد کی جان لے لی تھی۔ اس کے علاوہ 2016ء میں استنبول کے وسط میں ہی 12 افراد کو موت کی نیند سلانے والے دھماکے کی ذمے داری بھی داعش تنظیم نے قبول کی۔