’’مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی وجہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا ہے‘‘

نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی وجہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا ہے۔
سلامتی کونسل میں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ پر بحث کے دوران پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم علاقائی و حریف طاقتوں میں اختلافات مشرق وسطیٰ کو بڑے تنازع میں دھکیل سکتا ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ یک طرفہ اقدامات اور غلط اندازے خطے کے عوام کے لئے مشکلات ہی لاتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کے معاملے پر دو ریاستی حل کو عالمی برادری کے سامنے روندا جارہا ہے اور سلامتی کونسل کے ایکشن نہ لینے سے صورتحال بدتر ہوئی۔ مشرق وسطیٰ میں امن کا راستہ مسئلہ فلسطین کے حل میں ہے۔