ترکی اور آذربائیجان کی تاناپ نامی مرکزی پائپ لائن کا افتتاح

باکو:ترکی اور آذربائیجان کے صدور نے تاناپ نامی بڑی پائپ لائن کا افتتاح کر دیا،ناناپ آذربائیجان سے قدرتی گیس یورپ پہنچائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی اور آذربائیجان کے صدور نے تاناپ نامی ایک ایسی بڑی پائپ لائن کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے ذریعے آذربائیجان سے قدرتی گیس یورپ پہنچائی جا سکے گی۔ اس منصوبے پر ساڑھے8 بلین ڈالر لاگت آئی، ٹرانس اناطولیہ نیچرل گیس پائپ لائن نامی یہ منصوبہ جنوبی گیس کوریڈور کا حصہ ہے۔ جنوبی گیس کوریڈور کا مقصد ترکی کو توانائی کی ترسیل کا ایک ایسا مرکز بنانا ہے، جس کے ساتھ یورپی یونین کے لیے روسی قدرتی گیس کی سپلائی میں تنوع لایا جا سکے۔ ترک صدر ایردوآن نے وسطی ترکی کے شہر ایسکی شہر میں اس پائپ لائن کا افتتاح کرتے ہوئے اس منصوبے کو توانائی کی شاہراہِ ریشم قرار دیا۔