لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی جانب سے 3 پاکستانی نوجوانوں کو سماجی خدمات انجام دینے پر کوئنز ینگ لیڈر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
بکنگھم پیلس میں کوئنز ینگ لیڈرز ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔
تقریب میں پاکستانی نوجوانوں ہارون یاسین، حسن مجتبیٰ اور ماہ نور سید کو کوئنز ینگ لیڈرز ایوارڈ دیا گیا۔
کوئنز ینگ لیڈرز ایوارڈ کی تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ان تمام نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا گیا جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے کوشاں ہیں۔
یہ ایوارڈ کامن ویلتھ گروپ کے رکن ممالک کے ایسے نوجوانوں کی شناخت کرتا ہے جن کی عمر 18 سے 29 برس ہو اور وہ اپنی کمیونٹی میں کسی اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہوں، جو کسی کو جینے کی صحیح راہ اور امید دکھا رہے ہوں۔
پاکستانی نوجوان حسن مجتبٰی زیدی ڈسکورنگ نیو آرٹسٹس کے بانی ہیں جو آرٹ کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔ وہ بچوں کو مفت آرٹ ٹریننگ دیتے ہیں اور اس کے ساتھ جو طلبا تعلیمی اخراجات نہیں اٹھا سکتے انہیں تعلیم بھی فراہم کرتے ہیں۔
ہارون یاسین اورینڈا کے بانی ہیں جو قومی نصاب کو کارٹون سیریز میں بدل کر بچوں کے لئے پیش کرتے ہیں، جس کا نام تعلیم آباد ہے۔
ماہ نور اسپریڈ دی ورڈ کی بانی ہیں جو بچوں کے ساتھ زیادتی، جسمانی اور ذہنی دباؤ کو ختم کرنے کے لئے مخلتف سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔اس کے علاوہ ماہ نور خواجہ سرا سپورٹ آرگنائزیشن سے بھی منسلک ہیں اور ان کے لئے فنڈز جمع کرتی ہیں۔