کراچی:کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نےشہرکےمختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی جنید احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گلشن اقبال کی ایک مسجد سے ڈاکٹر عبدالرحمٰن اور ملک رضوان کو گرفتار کرلیا جو چندہ جمع کررہے تھے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ‘گرفتار دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے فنڈ جمع کر رہے تھے اور انھوں نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان سے حاصل کی ہے’۔
ایس ایس پی جنید احمد شیخ نے کہا کہ عبدالرحمٰن کوالیفائیڈ ڈاکٹراورٹی ٹی پی کا متحرک کارکن ہے۔ اس نے خفیہ طور پر زخمی دہشت گردوں کا علاج کیا اوراسے مسلسل نگرانی کے بعد گرفتارکیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے کراچی کی مچھرکالونی میں ایک کارروائی کے دوران مزید دو مشتبہ افرد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے دو پستول بھی برآمد کرلی۔
ایس ایس پی جنید شیخ کا کہنا تھا کہ گرفتار دونوں افراد کا تعلق ٹی ٹی پی ولی محمد گروپ سے ہے اور وہ دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
سی ٹی ڈی نے دیگرکارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ایک مشتبہ دہشت گرد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایس پی جنید شیخ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم پر6 جون کو کورنگی میں رینجرزاہلکاروں پرفائرنگ کا الزام تھا جہاں ایک رینجرز اہلکارشہید ہوگیا تھا ۔