ریاضَ: سعودی عرب کو قدرت نے پہلے ہی تیل کی دولت سے بے پناہ نواز رکھا تھا لیکن اب دو خشک وادیوں کے درمیانی بنجر و ویران علاقے میں تیل کے مزید اتنے بڑےذخائر دریافت ہو گئے ہیں جس کی دنیا میں کہیں اور مثال نہیں مل سکتی۔
العربیہ کے مطابق تیل کے یہ ذخائر الصاہبہ وادی اور الرامہ وادی کے درمیانی علاقے میں دریافت ہوئے ہیں۔ یہ وادیاں دنیا کی خشک ترین وادیاں ہیں لیکن ان کا درمیانی علاقہ معدنی خزانوں سے مالا مال ہے، جن میں تیل اور گیس کے بہت بڑے ذخائر بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب کا غاور آئل فیلڈ، کویت کا برگن آئل فیلڈ اور سعودی سفانیہ آئل فیلڈ اسی خطے میں واقع ہیں۔ دراصل 100 سے زیادہ گیس اور آئل فیلڈ اس علاقے میں واقع ہیں، جن میں سے اکثریت سعودی عرب کی ملکیت ہیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس خطے میں کم از کم 440 ارب بیرل تیل موجود ہے۔