متوقع بارشوں کے باعث کراچی واٹر بورڈکی رین ایمرجنسی نافذ

کراچی:کراچی میں واٹر بورڈ نے رین ایمرجنسی لگا دی،ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہنگامی بنیادوں پر بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے خصوصی اقدامات کرلئے ہیں، واٹربورڈ کے ضلعی وٹاؤن دفاتر میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیئے گئے ہیں جو 24 گھنٹے کام کریں گے جبکہ مرکزی شکایات مرکزبھی بغیر کسی وقفہ کے مسلسل کام کرے گا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان کوفوکل پرسن برائے رین ایمرجنسی مقرر کردیا ہےاور واٹربورڈ کے تمام افسران انجینئرز او ر ان کے ماتحت عملہ کو پابند کیاہے کہ بارشوں کے دوران بلک فراہمی آب کی لائنوں ، فلٹر پلانٹس ، پمپنگ اسٹیشنز ،ریزروائر ، ٹریٹمنٹ پلانٹس ، نکاسی آب کی لائنوں ، سیوریج پمپنگ اسٹیشنزاور دیگر تمام تنصیبات کے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ متوقع بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے لئے فوری اقدامات کیئے جائیں ، تمام آپریشنل و فیلڈا سٹاف کی ان کے متعلقہ علاقوں میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ،ضروری مشینری و آلات خصوصا ڈی واٹرنگ پمپس،جیٹنگ ،راڈنگ ،ونچنگ مشینیں اور دیگر سا مان تیا ررکھا جائے ،فوکل پرسن دیگر اداروں سے رابطے میں رہیں، بارشوں کے دوران بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں فراہمی ونکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کورواں رکھنے کیلئے جنریٹر کے ذریعے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔