لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ بورڈ کے دفتری امور کی وجہ سے آئی سی سی بورڈ میٹنگ چھوڑ دی جبکہ اب ان کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کو لاہور سے دبئی اور دبئی سے ڈبلن جانا تھا جہاں انہیں آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی تاہم وہ دبئی میں امارات بورڈ سے کامیاب میٹنگ کے بعد لاہور واپس آگئے۔ اس ضمن میں نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایسا اچانک نہیں ہوا ہے، یہ پہلے سے طے شدہ تھا۔ جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈبلن میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ بورڈ میٹنگ میں نجم سیٹحی کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز (جمعہ) سے شروع ہوگیا۔ یہ اجلاس آج (ہفتے کو) بھی جاری رہے گا جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ دو اور تین جولائی کو ہوگی۔
اس حوالے سے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میرا لاہور آنا زیادہ ضروری تھا۔ جولائی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی بورڈ میٹنگ اور سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کررہا ہے۔ان میٹنگز کے لئے بجٹ کی تیاری ہوچکی ہے لیکن اجلاسوں میں بجٹ پیش کرنے سے قبل میں انہیں خود دیکھنا چاہتا ہوں، پی سی بی کے ہر ڈپارٹمنٹ کے بجٹ کو دیکھنے کے لئے آدھا دن درکار ہوتا ہے اس لئے میں نے لاہور آنا ضروری سمجھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ لندن میں بھارتی بورڈ کے سلسلے میں میں نے اور سبحان نے اپنے وکلا سے جولائی کے پہلے ہفتے میں میٹنگ رکھی ہوئی ہے اگر میں آئر لینڈ چلا جاتا تو مجھے تین دن بغیر کام کے لندن میں رکنا پڑتا۔ میں لندن میں وکلا سے میٹنگ کے لئے 7 جولائی کو لندن جاؤں گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے خلاف ہمارا کیس فیصلہ کن مرحلے میں ہے اس لئے بورڈ میٹنگ سے زیادہ اہم وکلا سے میٹنگ ہے۔
آئی سی سی سالانہ میٹنگ کے ایجنڈے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی پر دیگر ملکوں سے سبحان احمد بات کریں گے۔