اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے3حلقوں میں 76 امیدوار مدمقابل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 3 حلقوں کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کے صرف 3 حلقوں پر 76 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔
اس حوالے سے حلقہ این اے 53 سارے حلقوں پر بازی لے گیا ہے اور یہاں سے 36 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ این اے 53 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا مقابلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ہوگا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ 54 سے 28 امیدوار مدمقابل ہیں اور یہاں سے تحریک انصاف کے اسد عمر، مسلم لیگ (ن) کے انجم عقیل اور پیپلز پارٹی کے عمران اشرف اسی حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں، اسی حلقے سے انجم عقیل کے مد مقابل مسلم لیگ(ن) کے ناراض رہنماعبد الحفیظ ٹیپو آزاد امیداوار کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔
حلقہ این اے 52 سے 12 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے، اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری، پاکستان پیپلز پارٹی کے افضل کھوکھر اور تحریک انصاف کے خرم نواز آمنے سامنے ہوں گے۔