پاکستان ، زمبابوے اورآسٹریلیا پرمشتمل سہ ملکی ٹی 20 سیریزکا پہلا میچ کل ( اتوار) پاکستان اورمیزبان زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی ٹیم بھی فیورٹ نہیں ہوتی ، ہم زمبابوے اورآسٹریلیا کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
میچ سے ایک دن قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ بیرون ملک کھیلنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، جب یہاں آئے تھے تو ہمیں اندازہ تھا کہ کنڈیشنزآسان نہیں ہوں گی اورسیریز کے دوران خصوصاً ٹاس بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹی 20 ٹیم گزشتہ 2 سال سے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ہمارے پاس بہت اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں اورٹیم بہت اچھی ہے ۔ ہم بیٹنگ ، باؤلنگ اورفیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کررہے ہیں جس کی بدولت ٹیم درست سمت میں گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 میں کسی بھی ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتے، زمبابوے کی ٹیم جیسی بھی ہے لیکن اس میں چند نوجوان اوراچھے کھلاڑی موجود ہیں لہٰذا ہم انہیں ہرگز آسان نہیں لیں گے اوراپنی بہترین ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
وکٹوں اورکنڈیشنز کے حوالے سے سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں اس سے قبل دو بار2013 اور2015 میں زمبابوے کا دورہ کرچکا ہوں اوردونوں مرتبہ وکٹیں بہت مختلف تھیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں وکٹوں پر گھاس موجود تھی اوراس وقت ہمیں ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ون ڈے میچ میں بھی شکست ہوئی تھی جبکہ 2015 میں بالکل مختلف طرز کی وکٹیں تھیں جب وکٹ سلو ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں نمی بھی موجود تھی۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ عالمی رینکنگ ان کی ٹیم کا ہدف نہیں ۔ اگرچہ رینکنگ یقیناً بہت اہم ہے لیکن ہم اس بارے میں نہیں سوچ رہے۔ جب مجھے کپتان بنایا گیا تو ہماری ٹیم ساتویں نمبر پر تھی لیکن ہم نے اس وقت یہ نہیں سوچا تھا کہ ہم عالمی نمبرایک بنیں گے البتہ ہم نے یہ ضرور سوچا تھا کہ ہم بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ یہاں ہماری واحد ترجیح اچھی اورمثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے حیران کن بات یہ ہے کہ ٹی20 میچ بہت جلد شروع ہورہا ہے لیکن اس بات کا فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں کہ میچ کس وقت شروع کرنا چاہیئے۔ یہاں کی کنڈیشنز اورموسم اچھا ہے اورامید ہے کہ لوگوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم اس وقت ٹی 20 کی عالمی درجہ بندی میں 131 پوائنٹس کے ساتھ ساتھ سرفہرست ہے اوردوسرے نمبر پر موجود بھارتی ٹیم کے 123 پوائنٹس ہیں جبکہ آسٹریلیا 122 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے۔
سیریز کے دوران آسٹریلیا خصوصاً رینکنگ میں 12ویں نمبر پر موجود زمبابوے سے میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو اپن متعدد پوائنٹس اورعالمی نمبر ایک رینکنگ سے محروم ہونا پڑسکتا ہے۔