شمالی کوریا نے یورینیئم کی افزودگی میں اضافہ کر دیا۔امریکہ

 

واشنگٹن: امریکی حکام نے کہاہے کہ شمالی کوریا نے حالیہ دنوں میں امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات کے باوجود ایٹمی اسلحے میں استعمال ہونے والے یورینیئم کی افزودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق کئی امریکی حکام نے نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ شمالی کوریا کئی خفیہ مقامات پر یورینیئم افزودہ کر رہا ہے،ایک عہدے دار نے کہا کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ شمالی کوریا امریکہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکہ خفیہ ادارے سی آئی اے اور دوسرے انٹیلی جنس اداروں سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زیادہ حکام کا یہ تجزیہ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے برخلاف ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اب شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی خطرہ نہیں ہے۔امریکی خفیہ عہدے دار سمجھتے ہیں کہ تعلقات میں بہتری کے باوجود شمالی کوریا ایٹمی ہتھیار بنانے کی غرض سے یورینیئم کی افزودگی جاری رکھے ہوئے ہے۔