ہرارے: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق کپتان محمد حفیظ کو حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ عثمان شنواری کو موقع دیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، حسین طلعت، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز اور حسن علی ٹیم کا حصہ ہیں۔
زمبابوین کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان مالی معاملات پر تنازع کے باعث سینئر کھلاڑی سہ فریقی سیریز کا حصہ نہیں جس کی وجہ سے اسکواڈ میں نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔
سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں تینوں ٹیمیں چار چار میچز کھیلیں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ہرارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سیریز میں کوئی ٹیم فیورٹ نہیں کیونکہ ٹی ٹوئنٹی میں کسی ٹیم کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج ہے جس کی کارکردگی حالیہ چند سیریز میں بہترین رہی ہے اور ان کا مقصد مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے سیریز جیتنا ہے۔