سہ فریقی ٹی 20 سیریز۔پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے ہرا دیا

ہرارے: سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستان نے مقررہ20اوورز میں 4وکٹ کے نقصان پر182رنز بنائے اور حریف ٹیم کومیچ میں فتح کیلئے 183رنز کا ہدف دیا ۔
فخر زمان پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے انہوں نے40گیندوں پر61رنز بنا ئے جس میں3چھکے اور تین ہی چوکے شامل تھے،دوسرے کامیاب بیٹسمین اسد علی نے41رنز کی عمدہ اننگ کھیلی جس میں4چھکےاور ایک چوکا شامل تھا انہوں نے21گیندوں کا سامنا کیا جبکہ شعیب ملک نے24گیندوں پر 37رنز کی ننگ کھیلی جس میںایک چھکا اوردو چوکے شامل تھے۔
183 کے ہدف کے تعاقب کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز سلومن مرے اور شمو چبھابھا نے کیا تاہم اوپنرز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف ایک رن پر زمبابوے کی پہلی وکٹ گرگئی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بولنگ کے آگے زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا اور صرف 88 کے اسکور پر 5 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔
زمبابوے کی جانب سے تریسائی موساکانڈا نے مزاحمت کی اور 43 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ 102 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، بعد میں آنے والے کھلاڑی زمبابوے کے اسکور میں صرف 6 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 108 رنز بناسکی۔