ہرارے: سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 117 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 10 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔
ابتدا سے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور صرف 24 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ صفر، حسین طلعت 10، فخر زمان 6 اور کپتان سرفراز احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک کا سفر بھی 13 رنز تک محدود رہا اورآصف علی بھی 22 رنز تک ٹیم کا سہارا بنے، شاداب خان نے مزاحمت کی کوشش کی اور وہ سب سے زیادہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف 21، محمد نواز6 اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے اور پوری قومی ٹیم 19.5 اوورز میں 116 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی اسٹینلک نے چار اوور میں 8 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اینڈریو ٹائی نے 3، مارکس اسٹونیس اور جے رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں کوئی تبدیلی ںہیں کی گئی تھی اور قومی ٹیم محمد حفیظ، فخر زمان، حسین طلعت، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان خان پر مشتمل تھی۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 14 مرتبہ مدمقابل آئیں جس میں پاکستان کو 8 اور آسٹریلیا کو 6 میچز میں کامیابی ملی۔
آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2016 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں تھی جس میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔
گزشتہ روز سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو 2 پوائنٹس حاصل ہیں جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔