اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پشاور ریپڈ بس منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کے باعث لاگت میں 15 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
چیئرمین نیب نے پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لاگت میں اضافہ ہوا، تاخیر کے ذمہ دارافراد کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، منصوبے کی لاگت کے لیے 49.36 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا جو بعد میں بڑھ کر 64 ارب روپے ہوگیا۔
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو انکوائری شروع کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ قومی سرمائے کے جائزاستعمال کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب اپنا کام کرتا رہے گا۔
دوسری جانب پشاور میں نیب ریجنل بورڈ خیبر پختونخوا کا اجلاس ہوا۔ نیب بیورو نے محکمہ جیل خانہ جات، خیبر ٹیچنگ اسپتال اور بلدیاتی حکومت میں خرد برد اور کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔