سرگودھا:تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جو بھی پارٹی انتخابات جیتے گی، اس کے لیے کئی مسائل سامنے ہوں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سرگودھا میں درگاہ سیال شریف پر حاضری دی اور اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین سیال شریف صاحبزادہ قاسم سیالوی سے عام انتخابات میں حمایت کی اپیل بھی کی اور کہا کہ الیکشن کی جتنی تیاری اس بار ہے ماضی میں کبھی نہیں تھی، بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب تیار رہیں، تین ہفتوں میں مقابلہ آرہا ہے، اسے عام الیکشن مت سمجھیں، یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، یہ الیکشن ملک تبدیل کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ کبھی اپنے مخالفین کوکمزور مت سمجھو، وہ پانچ سال حکومت کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی اتنے قرضے ملک پر نہیں چڑھے جتنا مسلم لیگ ن چڑھاگئی ہے، پاکستان 27 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے اور 90 ارب ڈالر بیرون ملک قرضے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جو بھی پارٹی انتخابات جیتے گی، اس کے لیے مسئلے مسائل سامنے ہوں گے لیکن جو تبدیلی لائے گا اور اداروں کو مضبوط کرے گا، وہ ہی ملک کو اس دلدل سے نکال سکتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کل بنوں میں شدید گرمی میں بھی عوام کا سمندر جمع تھا اور سب لوگ اسی لیے نکلے تھے کہ انہیں امید نظر آرہی ہے۔صحافیوں کے سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سب کو ٹکٹ نہیں دے سکتے تھے، یہ ایک مشکل کام تھا اور کئی جگہ سروے کرائے ہیں، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیے ہیں۔