نئی دہلی :پاکستان سے بھارت بھیجی گئی قوتِ سماعت و گویائی سے محروم بھارتی لڑکی گیتا نے اپنی شادی کیلئے2 امیدوار منتخب کرلیے۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق گیتا کے والدین کی تلاش تو بھارتی حکومت ابھی تک نہ کرسکی، تاہم انہوں نے اس کیلئے دولہا کی تلاش کا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی خواہش کے مطابق گیتا کیلئے رشتے کی تلاش کا کام اندور میں گونگے بہرے بچوں کیلئے کام کرنے والی ایک این جی او آنند سروس سوسائٹی کے سپرد کیا گیا۔
ادارے کے سربراہ گیانیندر پروہت کے مطابق گیتا کے لیے گزشتہ سال ضرورت رشتہ کا اشتہار دیا گیا جس کے جواب میں انہیں بہت سی درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے گیتا نے 15 کا انتخاب کیا۔اس کے بعد رواں سال 7اور 8 جون کو انتظامیہ کی جانب سے ان امیدوار لڑکوں کو گیتا سے ملنے کے لیے بلایا گیا لیکن ان میں سے صرف 6 ہی آئے جن میں سے گیتا نے بالآخر2 کو پسند کرلیا ہے۔این جی او سربراہ کے مطابق گیتا کی شادی سے زیادہ دلچسپی اپنے والدین کو ڈھونڈنے میں تھی اس کے لیے وہ ایسے لڑکے سے شادی کرنا چاہتی ہے جو والدین کی تلاش میں اس کی مدد کرے۔