اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے گن اینڈ کنٹری کلب کیس میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف شب خون مارنے والا ڈکٹیٹر تھا۔ پرویز مشرف کو تو کھوکھا الاٹ کرنے کی بھی اجازت نہیں تھی۔
سپریم کورٹ میں گن اینڈ کنٹری کلب کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کی اجازت کس نے دی؟
کلب کے وکیل نے بتایا کہ اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر پرویز مشرف تھے اور انہوں نے ہی تعمیرات کی اجازت دی۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف کو تو کھوکھا الاٹ کرنے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ کیا کسی باپ کی جاگیر تھی جو چاہا بانٹ دیا۔ پرویز مشرف کے پاس کہاں مینڈیٹ تھا کہ وہ یہ الاٹمنٹ کرتا۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مشرف تو شب خون مارنے والا ڈکٹیٹر تھا۔ وہ واپس آئے اور وضاحت دے جو جو اس نے ملک کے ساتھ غلط کیا۔