تھائی لینڈ کےغار میں لاپتہ ہونیوالے جونیئر فٹ بال ٹیم کے بچوں کو5ممالک کی امدادی ٹیموں نے 9روز بعد ڈھونڈ نکالا۔ تمام لوگ غار میں زندہ اور صحیح سلامت موجود ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فٹبال ٹیم کے کم عمر نوجوان لڑکے اور ان کے 25 سالہ فٹبال کوچ 9 روز قبل لاپتہ ہوگئے تھے جن کا سراغ لگالیا ہے وہ سب ایک غار میں محفوظ حالت میں موجود ہیں۔
غار میں پھنسے ان لڑکوں کی عمر 11 سے 16 سال کے درمیان ہے اور وہ 23 جون سے لاپتہ تھے۔
نو روز سے جاری تلاش میں تھائی حکام کے ساتھ امریکا،برطانیہ، آسٹریلیا اور چین کی امدادی ٹیمیں بھی شریک تھیں۔
تھائی لینڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ غار میں پھنسے افراد کو باہر نکلنے کے لیے غوطہ خوری سیکھنی ہوگی یا پھر مہینوں سیلاب کے کم ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔، اس وقت بچانے والوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج ان تک رسد پہنچانا ہے کیونکہ پانی اورگارا بڑھنے سے ان تک رسائی مشکل ہورہی ہے۔
فوج کے مطابق غار میں پھنسے افراد کے لیے کم از کم آئندہ چار ماہ تک زندہ رہنے کے لیے خوراک پہنچانے کی ضرورت ہے۔