لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے مون سون بارشوں سے پہلے کوئی انتظامات نہیں کیے لہٰذا بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ دار نگران حکومت ہے۔لاہور میں طوفانی بارشوں کے بعد شہباز شریف اپنے حلقہ انتخاب این اے 132 کے دورے پر نکلے جہاںنجی ٹی وی سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کی صورتحال کی ذمے دارنگران حکومت ہے جس نے انتظامات نہیں کیے۔خیال رہے کہ لاہور شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے اور مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔جبکہ طوفانی بارشوں نے لاہور کی سڑکوں پر 3 انتہائی بڑے بلیک ہولز یاگڑھے بنا دیئے ہیں جو کسی بھی وقت کسی سنگین اور خطرناک حادثے کا باعث بن سکتے ہیں ۔شہری انتظامیہ نے ان بڑے گڑھوں کو فورابھرنے کے بجائے ان کے گرد رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنی ذمہ داریوں سے بری الزمہ ہوگئے ہیں۔نجی ٹی وی چینلز کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کا موثر نظام نہ ہونے کے باعث آبادیاں زیرآب آگئیں، شہر میں کشتیاں چل گئیں۔لاہور کی سڑکیں اور آبادیاں اربن فلڈنگ کی لپیٹ میں آگئیں،نسبت روڈ پر ریسکیو 1122 نے کشتیاں چلانا شروع کردیں ہیں۔جی پی او چوک پر پڑنے والا گڑھا 200مربع فٹ سے بڑا اور 20فٹ سے زائد گہرا ہے۔اس گڑھے سے چند میٹر کے فاصلے پر ایک اور تقریباً 50مربع فٹ کا سنگ ہول موجود ہے ،ان بڑے گڑھوں میں گاڑیوں یا شہریوں کو گرنے سے بچانےکےلئے بیرئیر لگادئیے گئے ہیں۔