میڈرڈ:کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والا ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نےبھارت کی ٹیم کو ہرا کر اپنے نام کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق اسپین میں مقیم مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے ساتھ ساتھ یورپ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے ایشیا کپ منعقد کیا جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور انڈیا کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان اور انڈیا نے بالترتیب ہرا دیا جس کی وجہ سے جیتنے والی دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں ۔ایشیاء کپ کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر جبکہ ایشیاء کپ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔فائنل میچ میں انڈیا نے مقررہ اوورز میں 90رنز کا اسکور کیا اور پاکستان کو جیت کے لئے 91رنز کا ٹارگٹ ملا جو پاکستانی کھلاڑیوں نے آسانی سے پورا کر لیا۔مین آف دی میچ یاسر احمد اور مرزا بابر قرار پائے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور میڈلز مہر جمشید احمد اور حافظ عبدالرزاق نے دیئے ۔ونر ٹیم کے کپتان عبدالروف نے اپنی ٹرافی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی اور چوہدری امانت حسین مہر سے وصول کی ۔ اس موقع پر امانت حسین مہر نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں نقد انعامات سے بھی نوازا ۔