برلن:جدید دور کی جدیدایجادات نے سب کچھ ممکن بنادیا ہےجس کا سب سے اہم ثبو ت یہ ہے کہ اب روبوٹ بھی خلا کا سفرکرتے نظر آئیں گے۔ جی ہاں، جرمن ایرو اسپیس سینٹرکا تیار کردہ خلا نورد روبوٹ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچ گیا ہے جہاں وہ یورپی خلا نوردوں کا ساتھی بنے گا۔جرمنی کا تیار کردہ روبوٹ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچ گیا۔ Cimonنامی خلا نورد روبوٹ کوفلوریڈا سے اسپیس ایکس کیپسول کے ذریعے خلائی اسٹیشن پر روانہ کیا گیا تھااور اس روبوٹ کے ساتھ خلا نوردوں کیلئے آئس کریم، کافی، تازہ بیریز، اور چوہے بھی روانہ کئے گئے تھے۔یہ روبوٹ ایک باسکٹ بال گیند کی شکل کا ہے جس کا وزن پانچ کلو ہے ۔ سفید رنگ کے اس روبوٹ پر آٹھ انچ ڈسپلے اسکرین لگائی گئی ہے ۔منفرد نوعیت کا یہ روبوٹ اُڑنے اور تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد الفاظ و مختلف جملے سمجھنے کے ساتھ ساتھ میوزک بجاکر اپنے انسان خلاء نوردوں کو تفریح پہنچائے گا۔دوسری جانب سسٹم میں خرابی یا کوئی خطرناک صورتحال سے آگاہ بھی کرے گا۔