ناقص کارکردگی پر محمد حفیظ کو اگلے میچ میں نہ کھیلانے کا فیصلہ

 

حرارے:پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹسمین محمد حفیظ ٹیم میں واپس آنے کے بعد اپنی کارکردگی سے توقعات پوری نہ کرسکے جبکہ کوچ مکی آرتھر نے محمد عامر کو انجریز سے بچانے کے لیے مخصوص اور اہم میچز میں کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد حفیظ کی بیٹنگ میں ناقص کارکردگی نے ان کے کیریئر پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ محمد حفیظ ٹیم میں واپسی کے بعد انتظامیہ کی توقعات پر پورا نہیں اترسکے ہیں اور سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دونوں میچز میں ناکام رہنے کے بعد ٹور سلیکشن کمیٹی نے محمد حفیظ کو بدھ کو زمبابوے کے خلاف تیسرے میچ میں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ دو ماہ بعد 37 سال کے ہوجائیں گے، انہیں بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم میں جگہ ملی تھی۔ حفیظ نے اگر پاکستان ٹیم میں اپنی بیٹنگ کارکردگی میں بہتری پیدا نہ کی تو ان کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گی۔اس وقت قومی سلیکٹرز ورلڈکپ کے لیے منصوبی بندی کررہے ہیں اور حفیظ کی مسلسل خراب کارکردگی ان کا کیس کمزور کررہی ہے۔