لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے اعدادو شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ 288 ملی میٹر بارش فرخ آباد میں ہوئی۔
لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں 283 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 263 ملی میٹر، پانی والا تالاب کے علاقے میں 263 ملی میٹر اورعلامہ اقبال ٹاؤن میں 222 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق لاہور کے علاقے مغلپورہ میں 212 ملی میٹر، گلشن راوی 209 ملی میٹر، اپر مال 208 ملی میٹر اور نشتر ٹاؤن میں 206 ملی میٹر بارش ہوئی۔
تاجپورہ میں 205 ملی میٹر، سمن آباد میں 183، جیل روڈ پر 170 ملی میٹر، ایئرپورٹ کے علاقے میں 152 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 131 ملی میٹر اور پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
قبل ازیں میئرلاہور کرنل (ر) مبشرجاوید کا کہنا تھا کہ شہر میں 260 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور پیر کی شب سے صبح تک 200 ملی میٹر بارش ہوئی۔لاہور میں ہونے والی بارش سے 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس کے بعد مختلف حادثات میں چھ سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔