تحریک انصاف کی حکومت میں خیبرپختونخوا کوجاپان اور اقوام متحدہ کی جانب سے خواتین کے لیے پنک بسیں امداد کے طور پر دی گئیں تھیں، کروڑوں روپے مالیت کی پنک بسوں کا افتتاح پی ٹی آئی حکومت نے اپنے آخری ایام میں 11مئی کو کیا، افتتاح کے بعد پنک بسیں پشاور کے جنرل بس اسٹینڈ میں کھڑی کردی گئیں۔کروڑوں روپے مالیت کی پنک بسیں بغیر استعمال کیے کھڑی کھڑی ناکارہ ہونے لگی ہیں۔
تحریک انصاف حکومت نے پنک بسیں مردان اور ایبٹ آباد کے لیے مختص کی تھیں۔ جنرل بس اسٹینڈ میں بسیں کھلے آسمان تلے کھڑی ہونے سے ناکارہ ہورہی ہیں بسوں کا رنگ بھی خراب ہوتا جارہا ہے جبکہ بسوں کی صفائی کا بھی خیال نہیں رکھا جارہا۔
سابق وزیر اعلیٰ کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جاپان حکومت نے پی ٹی آئی حکومت کو پنک بسیں تحفے میں دی تھیں بسیں ملنے کے بعد یہ متعلقہ ادارے کے حوالے کردی گئی تھیں تاکہ بسیں متعلقہ اضلاع کو بھجوائی جاسکیں۔ تاہم متعلقہ اضلاع تک پہنچ ہی نہیں سکیں، بسیں متعلقہ اضلاع کو نہ جانا اور اسی طرح کھڑی رہنا افسوس ناک ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر اطلاعات ظفر اقبال بنگش سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا اس حوالے سے معلومات کی جارہی ہیں متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے اور معلوم جارہا ہے کہ بسیں استعمال میں کیوں نہیں لائی جارہیں۔