قاہرہ:مصری فوج نے جزیرہ نما صحراسینا میں دہشت گردوں کے خلاف جاری بڑی کارروائی کے دوران 3 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے اور غزہ کے ساتھ و اقع سرحدی شہر رفح میں سرنگیں تباہ کردی ہیں ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری فوج نے ایک بیان میں اطلاع دی کہ جنگجوؤں کے خلاف حالیہ دنوں میں یہ کارروائیاں کی گئی ہیں اور ان کے نتیجے میں 3جنگجو مارے گئے ۔
رپورٹ کے مطابق شمالی سیناء میں واقع شہر رفح میں متعدد سرنگوں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے،دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپوں میں ایک رنگروٹ زخمی ہوگیا تھا اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 شہری مارے گئے۔اس دھماکا خیز مواد سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔