راملہ: فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 25کم سن فلسطینی بچوں کو شہید کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی دفاع اطفال موومنٹ کی فلسطینی برانچ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں اسرائیلی فوج نے 25فلسطینی بچوں کو بے رحمی کے ساتھ شہید کیا
شہید ہونے والے 21بچوں کا تعلق غزہ کی پٹی سے اور چار کا غرب اردن سے ہے، اسرائیلی فوج فلسطینی بچوں کو براہ راست بندوقوں سے نشانہ بنا کر دانستہ طورپر انہیں شہید کرنے کی مرتکب ہوئی ۔
شہید ہونے والے بچوں کو ان کے جسم کے بالائی حصوں پر نشانہ بنا کر گولیاں ماری گئیں جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ قابض فوج نے بچوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے 11 بچوں کو سر اور گردن پرگولیاں ماری گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج ایک طے شدہ منصوبے کے تحت فلسطینی شہریوں پر براہ راست گولیاں چلاتی اور انہیں شہید کرنے کے مجرمانہ عزائم کے تحت نشانہ بنایا جاتا ہے۔