کراچی میں انتخابی سرگرمیوں سے روکا جارہا ہے-رانا مشہود

 

کراچی:سابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ملک میں الیکشن کا ماحول بننے نہیں دیا جارہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں رانا مشہود نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کا دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ عابد تنولی کے قاتلوں کوبھی اب تک گرفتار نہیں کیا گیا،ان کا کہناتھاکہ کراچی میں مسلم لیگ ن کو انتخابی سرگرمیوں سے روکا جارہا ہے ، ہمارے جھنڈے بینرز ہٹائے جارہے ہیں جبکہ انتخابی مہم پر امیدواروں کے خلاف پرچے کٹوائے گئے۔

رانا مشہود نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کے این اے 248 سےامیدوار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی گئیں تاہم پولیس نے شکایت درج کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی۔مسلم لیگ ن کے سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا انتخابی عمل میں مداخلت نہ کی جائے تمام چیزیں آئین و قانون کے مطابق ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ لاڈلے کی پارٹی میں لوگ مسلح گھوم رہے ہیں مگر ہمیں جھنڈے تک لگانے دئیے جارہے ، اسی طرح بندشیں ڈالی گئیں تو انتخابات پر سوالیہ نشان ہوگا۔