برہان وانی کی برسی پر اتوار کو مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان

سری نگر: کشمیری رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے شہید برہان مظفر وانی کی شہادت کی دوسری برسی پر( 8 جولائی) اتوار کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے برہان مظفر وانی کو8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔ کشمیری رہنماؤں پر مشتمل مشترکہ قیادت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سیاسی یا اقتصادی مراعات کا نہیں حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 18سے 30 برس کی عمر کے نوجوانوں کو اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کا ویزا لگنے کے بعد سفر شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ضلع کے ایس ایس پی سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ لیں۔
ذرائع کے مطابق شہید برہان وانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں بھی اسٹیٹ لائف بلڈنگ سے ڈی چوک بلیو ایریا میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔