نوازشریف اعمال کی وجہ سے اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں:چودھری پرویز الٰہی

 

گجرات : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے جب ختم نبوت کا قانون بدلا مجھے تب ہی یقین ہو گیا تھا کہ یہ اللہ کی پکڑ میں آئے گا۔

جمال پور سیداں میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رنگ لایا اور یہ اللہ کی پکڑ میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے سانحہ میں حاملہ عورت کو گولیاں ماری گئیں۔

سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نواز شریف کو جو سزا ہوئی ہے اس میں کسی کا کوئی کمال نہیں ہے، یہ اپنے اعمال کی وجہ سے اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ 2013 کے انتخابات سے قبل نواز شریف نے قادیانیوں کے ساتھ لندن میں وعدے کیے تھے کہ یہ قانون بدلا جائے گا۔چودھری پرویز الٰہی نے اپنے دور وزارت اعلیٰ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نابیناؤں کے لیے ادارے بنائے اور بھکاری بچوں کے لیے بھی ادارے قائم کیے۔