متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستارکا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، کارکنوں میں ڈر اور خوف کی فضا پیدا کردی گئی ہے جس پر تشویش ہے، بتایا جائے چھاپے اور گرفتاریاں کیوں کی جارہی ہیں؟ ہمارےکارکن اور ووٹرز کھل کر انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے سکتے، کارکنوں کی گرفتاریاں قبل ازوقت انتخابات اور دھاندلی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر مقدمہ سپریم کورٹ کے احکامات پرچلا۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت ایک قانون اورنظام ہے، اس نظام کے تحت ایک سزا دی گئی ہے، عدل وانصاف کا عمل آگے جانے پرہی پورا ہوگا۔
فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب قانون سے متعلق پیپلزپارٹی اورن لیگ نے کچھ نہ کیا، اربوں کی کرپشن پرنیب خاموش رہے تویہ اس کی ساکھ کا معاملہ ہے۔
کراچی میں حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ حلقہ بندیوں میں ناانصافی کی گئی، کراچی، حیدرآباد کو حق نمائندگی سے محروم کیا گیا، حلقہ بندیوں میں نا انصافی قبل ازوقت دھاندلی ہے۔
فاروق ستار کے مطابق 2 روز پہلے بلدیہ ٹاؤن سے ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا گیا، ہمارے کارکنان کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے جبکہ ہمیں دفاتر کھولنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔