واشنگٹن :امریکی آجروں نے جون کے مہینے میں روزگار کے دو لاکھ 13 ہزار نئے مواقع پیدا کیے، جو چین کے ساتھ تجارتی جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے باوجود معیشت پر اعتماد کے اظہار کی نشاندہی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ بے روزگاری کی سطح میں اضافے کی وجہ یہ کہ پہلے سے زیادہ لوگ نئے مواقعوں کی تلاش میں نکل آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ12 مہینے پہلے کے مقابلے میں فی گھنٹہ معاوضے میں 2 اعشاریہ 7 فی صد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ لگ بھگ افراط زر کے مساوی ہے،اس لحاظ سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں تنخواہوں میں حقیقی اضافہ نہیں ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جون کے مہینے میں روزگار تلاش کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے وجہ سے معاوضوں میں اضافہ نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق روزگار کی منڈی میں آنے والوں کی زیادہ تعداد اسکول گریجوایٹس کی تھی جنہیں عموماً کم تنخواہ ملتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون میں روزگار تلاش کرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار ریکارڈ کی گئی۔