کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپس آکر گرفتاری دینی چاہیے۔فاروق ستار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد میں عوام کو حق نمائندگی سے محروم کیا جا رہا ہے اور مردم شماری میں ہمیں آدھے سے بھی کم دکھایا گیا ہے۔ کارکنان میں ڈر اور خوف کی فضا پیدا کردی گئی ہے، اس پر تشویش ہے اور کارکنان کی گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بتایا جائے یہ چھاپے اور گرفتاریاں کیوں کی جارہی ہیں؟
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ مسلم لیگ ن کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے اور نیب قانون سے متعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے کچھ نہیں کیا ہے۔ سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں کہ پکڑ ہی نہ ہو۔ عدل اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں اور نواز شریف کو وطن واپس آکر گرفتاری دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کسی کو نااہل قرار دیا تو اسے ماننا چاہیے۔