خیرپور: پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختون میں بس ٹرانزٹ منصوبہ تو بنایا نہیں گیا، عمران خان ملک کیا خاک چلائیں گے؟
انہوں نے کہا عمران خان جلسوں میں اس سچ کو بھی بتائیں کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت تقریباً دگنا ہوچکی ہے، ملکی قرضوں پر تنقید کرنے والے عمران خان کی خیبرپختون حکومت نے3 کھرب روپے کا قرضہ لیا، اقتدار میں آکر ٹیکس اکھٹا کرنے کے دعوے دار عمران خان بتائیں کہ خیبرپختون حکومت نے کتنا ٹیکس جمع کیا؟
پیپلز پارٹی کی سابق رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی مثالیں دینے والے عمران خان خیبرپختون کو تباہ وبرباد کرچکے ہیں،پولیس کی کارکردگی کا پول اسی دن کھل گیا تھا جب صوبے کے آئی جی نے مشال خان کیس میں دباؤ کا اعتراف کیا تھا۔نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت پر تنقید کرکے عمران خان پرویزمشرف کی زبان بول رہے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی پر ملک کی تباہی کا الزام لگانے والے عمران خان یاد رکھیں کہ اگر وہ کھل کر سیاست کررہے ہیں تو یہ پی پی پی کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور یاد رکھیں عمران خان کا یہ آخری الیکشن ہوگا۔