لاہور:نیب نےسابق وزیراعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو حراست میں لینے کیلئےپنجاب حکومت سےہیلی کاپٹرمانگ لیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والےسابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو نیب کی جانب سے ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیاہےاس حوالے سے نیب نے پنجاب حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیاہے جس کے ذریعے نواز شریف کو ایئرپورٹ سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔
اطلاعات کےمطابق ڈی جی نیب لاہور (ر) میجر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو خط لکھ دیا ہےاور ہیلی کاپٹر مانگ لیا ہے،چیئرمین نیب ہیلی کاپٹر کے حصول کیلئے وزارت داخلہ و وزارت دفاع سےرابطہ کریں گے۔
خط میں درخواست کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کے جج کو بھی انتظامی طور پر جیل بلایا جائے، نواز شریف اور مریم نواز کی آمد پر لاہور میں ریلی نکالی جائے گی اور ان کی گرفتاری میں رکاوٹیں ڈالیں جائیں گی جبکہ ریلی کے باعث لاہور میں نقص امن کا خدشہ بھی ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پہلے ہی گرفتارکرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیاہے۔
جبکہ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز لندن میں ہیں اور ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
مریم نواز نے اپنے والد کے ہمراہ جمعہ 13 جولائی کو لاہور واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے جس پر نیب نے دونوں کو ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔