متحدہ رہنما فاروق ستار کا انتخابی عمل کی شفافیت پر شک کا اظہار

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق ستار کو انتخابی عمل کی شفافیت پر شک ہے کہ لگتا ہے میچ فکس ہے،نتیجہ پہلے سے طے ہوچکا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کی مہم میں تیزی آ رہی ہے، انتخابات سے کچھ دن پہلے ماحول کچھ اور نظر آئے گا۔

ان کا کہناتھاکہ یہ شکایت بھی کی کہ اُن کے پوسٹر اور جھنڈے ہٹائے جارہے ہیں،نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن نوٹس لے۔

فاروق ستار نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایسی صورتحال پیدا ہی نہ ہونے دےکہ ایم کیو ایم انتخابات کا بائیکاٹ کردے، انتخابات سے کچھ دن پہلے ماحول کچھ اور نظر آئے گا۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ ووٹرز ٹرن آؤٹ کم ہوگا تو دھاندلی کرنا آسان ہوگی، کروڑوں اور اربوں کے اشتہارات لگائے جارہے ہیں، غریب پارٹیاں کہاں سے اشتہاری مہم کے لیے پیسے لائیں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کوچاہیے کہ وہ ہمارے سنجیدہ تحفظات کو دور کرے اور حالات کے پیش نظر ایکشن لے۔