لندن:بریگزٹ کے معاملے پر وزیراعظم تھریسا مے سے اختلافات کی وجہ سے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔بورس جانسن کا استعفیٰ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے لیے دھچکے سے کم نہیں کیوں کہ بورس جانسن کے مستعفی ہونے سے کچھ گھنٹے قبل ان کی کابینہ میں شامل وزیر برائے بریگزیٹ بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے معاملے پر برطانیہ میں سیاسی بحران پیدا ہوتا جارہا ہے، بورس جانسن نے اپنے استعفے میں کہا کہ بریگزٹ کا مطلب مواقع، امید اور چیزوں کو نئے طریقے سے کرنا ہونا چاہیے لیکن غیر ضروری عدم اعتماد اور شکوک و شبہات کی وجہ سے بریگزٹ کا خواب دم توڑ رہا ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ وہ جس طریقے سے بریگزٹ کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہیں وہی پروقار طریقہ ہے۔