رحیم یار خان، شادی سے انکار پر خاتون کو سرعام قتل کردیاگیا

رحیم یار خان: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں مبینہ طور پر شادی سے انکار پر سرعام خاتون کو خنجر کے وار کرکے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان کی اسکیم 3 میں شادی سے انکار کرنے پر خاتون کو سرعام خنجر کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ کئی موٹرسائیکل سوار بھی وہاں سے گزرے، رک کر دیکھا اور پھر آگے بڑھ گئے۔لیکن کوئی بچانے کے لئے نہیں آیا اور سفاک ملزم نے سرعام خنجر کے وار کرکے خاتون کا قتل کردیا اور اپنی موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت شمیم کے نام سے ہوئی ہے۔ جو شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں نرس تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم منیر احمد مقتولہ کا رشتہ دار ہے، جو اس سے شادی کا خواہشمند تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔