پی سی بی کی احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کے حوالے سے انڈیپنڈنٹ ریویو بورڈ کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، جس میں ممنوعہ مواد کا استعمال ثابت ہوا ہے۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ احمد شہزاد کو آج باضابطہ طور پر چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں فیصل آباد میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا۔
ڈوپ ٹیسٹ کا نتیجہ 26 سالہ اوپنر کے لیے مشکلات کا سبب بنا اور احمد شہزاد سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی۔
جس کے بعد پی سی بی نے احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کا آزادانہ تجزیہ بھی کرایا اور پاکستان کے قومی ڈوپنگ ادارے نے معاملے پر بھارتی ڈوپنگ لیب سے معاونت حاصل کی۔
امکان ہے کہ چارج شیٹ جاری ہوتے ہی احمد شہزاد کی عبوری معطلی شروع ہوجائے گی۔