لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مدرسہ استاد کے تشدد سے زخمی ہونے والا 7 سالہ بچہ اسپتال میں دم توڑ گیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور کے علاقے میں تین روز قبل مدرسہ استاد کے تشدد سے 7 سالہ عبدالاحد زخمی ہوگیا تھا جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔
لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ عبدالاحد تین روز قبل مدرسے میں پڑھنے گیا جہاں استاد نے اس پر تشدد کرتے ہوئے لوہے کی راڈ سے مارا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کے کندھے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
عبدالاحد کو فوری طور پر میو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مقتول بچے کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ بچے کے لواحقین نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے جبکہ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے شریک ملزم غفور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس آزاد کشمیر روانہ ہوچکی ہے۔