بہاولنگر:پنجاب کے شہر بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں میں نامعلوم ملزمان نے ایک گھر میں گھس کر سوئے ہوئے خاندان پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جھلس گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق تیزاب پھینکنے کا واقعہ چشتیاں کے محلہ غریب میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نےایک محنت کش اللہ دتہ کےگھرمیں گھس کر سوئے ہوئے خاندان پر تیزاب پھینک دیا۔
واقعے میں 35 سالہ اللہ دتہ، اس کی 16 سالہ بیٹی شازیہ، 14 سالہ بیٹی رمشا اور 15 سالہ بھتیجا حیدر جھلس گئے۔
علاقہ مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا، جہاں انھیں طبی امداد دی گئی۔
تاہم تشویش ناک حالت کے باعث دونوں لڑکیوں کوملتان ریفر کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔