کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام نے دیا میربھاشا ڈیم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آبی ذخائر کسی بھی ملک کیلئے اہم ہیں، پانی آج کا نہیں آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے، آبی ذخائرکے لئے فنڈز 16 ہزاربینکوں میں جمع ہوسکتے ہیں جبکہ فنڈزکی معاونت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک شمس الحسن نے کانفرنس میں اعلان کیا کہ گورنراسٹیٹ بینک اورتمام ملازمین کی 2 روزکی تنخواہیں فنڈ میں دی جائیں گی جبکہ حبیب بینک کے سربراہ نے ڈیم کی تعمیر کیلئے 10 کروڑدینے کا اعلان کیا ہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیربھاشا اورمہمند کی تعمیرکے لیے فنڈز قائم کیے ہیں جس میں کیش، چیک، پرائزبانڈ سمیت سونے چاندی کی شکل میں بھی عطیات بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔