شاہد خاقان کی کالعدم اہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں سے ملاقات

 

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عام انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کیلئے کالعدم اہلسنت والجماعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اہل سنت والجماعت کے اسلام آباد مرکز میں جاکر کالعدم تنظیم کے رہنماؤں علامہ مسعود الرحمان عثمانی ، حافظ نصیر احمد اور مو لانا عبد الرحمان معاویہ سے ملاقات کی ہے ، اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے اہل سنت والجماعت کے رہنماؤں سے عام انتخابات میں این اے 53 سے ان کی حمایت کی درخواست کی۔

 

دوسری طرف اہل سنت والجماعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفدکےہمراہ مرکز اہلسنت جامع مسجد رحمانی آبپارہ اسلام آبادمیں اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا مسعودالرحمن عثمانی اور سیاسی کمیٹی کے اراکین سے تفصیلی ملاقات اور حمایت کی درخواست کی.اس موقع پر مولانا مسعود الرحمن عثمانی نے شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ ن کی حکومت کے اہلسنت والجماعت پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گلے شکوے کئے، اپنے مطالبات اورمؤقف رکھنے کے بعد کہا کہ آپکی درخواست ضلعی سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے اور قائد اہلسنت مولانا محمد احمد لدھیانوی صاحب سے مشورہ کر کے جو فیصلہ ہوا آپ کو آگاہ کریں گے۔