لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے صوبائی حلقے پی پی 168 میں کارنر میٹنگ کے دوران ہوائی فائرنگ سے 9 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ خواجہ سعد رفیق کی آمد سے قبل مقامی رہنما اسلم بھٹی کے گن مین نے ہوائی فائرنگ کی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس ملک کے مطابق ایک گن مین کے ہاتھ سے بندوق پھسلی اور گولیاں سیدھی چلنے لگیں، جس کی زد میں آکر 9 سالہ مظہر جاں بحق جبکہ 12 سالہ فہد منظور زخمی ہوگیا۔
جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم رمضان عرف بلا کو دو ساتھیوں شبیر اور بلال سمیت گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔