ٹرمپ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالوورزوالے صدر

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے عالمی سربراہ بن گئے ہیں۔ میڈیا اور تعلقات عامہ کے ادارے "Burson Cohn & Wolfe ” کی سالانہ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کو پوپ فرانسس اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر بھی برتری حاصل ہے۔

اس رپورٹ کو "ٹوئیبلومیسی” کا نام دیا گیا ہے جس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اکتوبر 2017ء میں 5.2 کروڑ فالوورز کے ساتھ ٹوئیٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے عالمی سربراہ بن گئے۔ انہوں نے پوپ فرانسس کو پیچھے چھوڑ دیا جن کے فالوورز کی مجموعی تعداد 4.7 کروڑ تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فہرست میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر بھارتی وزیراعظم ہیں۔ ان کے ذاتی اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 4.2 کروڑ جبکہ سرکاری اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 2.6 کروڑ ہے۔

یورپ میں برطانوی خاتون وزیراعظم تھریسا مے سرفہرست ہیں جن کے سرکاری اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔ ان کے بعد فرانسیسی صدر عمانوئل میکرون ہیں جن کے فالوورز کی تعداد مئی 2017ء میں صدر منتخب ہونے کے بعد تین گْنا بڑھ کر 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔

عرب ممالک میں بھی سرفہرست شخصیت ایک خاتون ہیں۔ جی ہاں ، اردن کی ملکہ رانیہ کے اکاؤنٹ کو 1 کروڑ سے زیادہ افراد فالو کر رہے ہیں۔ ان کے بعد دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 90 لاکھ ہے۔