اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج رات لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے عدالت میں پیشی کا فیصلہ قانونی ٹیم سےمشاورت کے بعد کیا۔اس سے قبل یہ خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ آصف زرداری کی جگہ ان کے وکلاء سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کر رکھا ہے۔
اسی کیس میں ایف آئی اےکی جانب سے بھی دونوں شخصیات کو 11 جولائی کو طلب کیا گیا تھا تاہم وکلا کے مشورے پر آصف زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور وکلا کے ذریعے جواب داخل کرادیا۔
ذرائع کےمطابق آصف زرداری نےبلاول ہاؤس لاہور میں منی لانڈرنگ کیس سے متعلق اپنی وکلا ٹیم سے مشاورت کی جس میں اعتزاز احسن، فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ شامل تھے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کونوٹس بھیجا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو پیش کیا جائے، جب سپریم کورٹ آصف زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے گی تو پیش ہوں گےجس پر اب آصف علی زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔