اسلام آباد: پیپلز پارٹی (پی پی پی) رہنما شیری رحمان نےکہا ہے کہ دو دن سے ان کی گاڑی کے پیچھے دو مشکوک گاڑیاں چل رہی ہیں، اگر ان کی نگرانی نہ رکی تو وہ ان کے نمبرز فراہم کردیں گی۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں کوئی سیکیورٹی نہیں اور نہ برابر مواقع ہیں، جس ماحول میں الیکشن ہو رہے ہیں اس پر سوالیہ نشان نہیں اٹھنا چاہیے؟ ہم نہیں چاہتے کہ ہم مزید جنازے اٹھائیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ کئی دہشت گرد حملوں کی تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں، ہارون بلور پر حملے کی تحقیقات کو تکمیل تک پہنچانا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیکیورٹی فراہم نہیں کی جا رہی، الیکشن کو شفاف بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
شیری رحمان کے بیان کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امیداروں کی سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کےلیے کمیٹی قائم کردی۔