تھائی لینڈ کے غار سے بچوں کوریسکیو کرنے پر فلم بنانے کا اعلان

بینکاک:تھائی لینڈ کے غار میں پھنس جانے والی جونیئر فٹبال ٹیم کے 12 کھلاڑیوں اور ان کے کوچ کو کس طرح تلاش کیا گیا، اب یہ سارے مناظر شائقین فلم کی صورت میں دیکھ سکیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2 پروڈکشن ہاؤس کمپنیز مل کر اس واقعے پر مبنی فلم بنائیں گی، جس میں دیکھا جا سکے گا کہ کس طرح 12 بچوں اور ان کے کوچ کو بحفاظت غار سے نکالا گیا اور اس مشن امپوسبل کو کس طرح کے ریسکیو اقدامات کے ذریعے ممکن بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق تھائی حکومت اور تھائی بحریہ کی جانب سے ایون ہوئی پکچرز کے بینر تلے یہ فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے ہدایت کار جون ایم چو ہوں گے۔

جون ایم چو کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوبصورت کہانی ہوگی جس میں ایک انسان دوسرے انسان کو بچا رہا ہے، اس سے زیادہ اچھا کیا ہوگا۔فلم بنانے کے لیے امریکی پروڈکشن ہاؤس پیور فلیکس کا نام بھی لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جونیئر فٹبال ٹیم اپنے کوچ کے ہمراہ 23 جون کو تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائی میں واقع معروف غاروں کے سلسلے میں سیر کے لیے گئی تھی۔

اس دوران مون سون بارشوں کے باعث پوری ٹیم غار میں پھنس گئی تھی تاہم ریسکیو اداروں کی جانب سے ان کی کھوج لگائے جانے کے بعد بچوں کو 10 جولائی کو ریسکیو آپریشن کرکے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔